اسلام آباد میں نویں محرم کا تعزیئے اور ذوالجناح کا جلوس برآمد

17 جولائی ، 2024

اسلام آباد ( ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے جانثاروں کی یاد میں منگل کو وفاقی دارالحکومت میں نویں محرم الحرام کا تعزیئے اور ذوالجناح کا جلوس مرکزی امام بارگاہ ثنا عشری جی سکس ٹو سے برآمد ہوا اور وآپس اسی مقام پر اختتام پذیر ہوا ۔ دوران جلوس دو مقامات پر مجالس بھی ہوئیں جہاں ذاکرین نے نواسہ رسول کے فلسفہ خودی پر روشنی ڈالی ۔شرکا ء نے زنجیر زنی بھی کی ۔جلوس کے سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے لئے 3400 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا تاہم کسی بھی جگہ پر موبائل سروس بند نہیں کی گئی۔ وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے بھی نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس میں شرکت کی اور سیکیورٹی کیلئے ہدایات دیں۔جلوس کے راستوں کو خاردار تاروں اور قناتوں کی مدد سے مکمل بند کیا گیا اورجلوس کی نگرانی ڈرون کیمروں اور سیف سٹی سرویلنس کیمروں کی مدد سے کی گئی ۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلا م آباد سید علی ناصر رضوی نے بھی 9 0محرم الحرام کے مرکزی جلوس کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔