حکومت کا پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ خود کش دھماکا،تجزیہ کار

17 جولائی ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی نے کہا ہےکہ حکومت کا پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ خود کش دھماکا ہے،سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کھلی جنگ شروع ہوگئی ہے،سینئر صحافی و تجزیہ کار عاصمہ شیرازی نے کہا کہ اس وقت لڑائی اقتدار کی نہیں بلکہ اختیار کی ہے،سینئر صحافی و تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا کہ مقتدرہ کا مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے پر عملدرآمد کا کوئی ارادہ نہیں ہے،سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ حکومت کا پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ خود کش دھماکا ہے، تحریک انصاف کو خلاف قانون قرار دلوانا جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگا۔سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کھلی جنگ شروع ہوگئی ہے، مقتدرہ اور اس کے اتحادی سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کو اپنا زوال سمجھ رہے ہیں، پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ غیرجمہوری، غیرآئینی اور غیر عقلمندانہ ہے۔سینئر صحافی و تجزیہ کار عاصمہ شیرازی نے کہا کہ اس وقت لڑائی اقتدار کی نہیں بلکہ اختیار کی ہے، سیاسی جماعتیں عدلیہ اور مقتدرہ کی پراکسیز بنی ہوئی ہیں ، پی ٹی آئی کل بھی بینفشری تھی جب اسٹیبلشمنٹ ان کے ساتھ تھی آج بھی بینیفشری ہے جب عدلیہ ان کے ساتھ ہے۔سینئر صحافی و تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی غیر جمہوری اور غیرآئینی اقدام ہے، پی ٹی آئی پر پابندی حکومتی نہیں ریاستی فیصلہ ہے، حکومت کے پیچھے ڈرائیونگ فورس پاکستان کی مقتدرہ ہے، حکومت اور مقتدرہ کا مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے پر عملدرآمد کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔