یومِ عاشور کو اسلامی تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے،صدر، وزیراعظم

17 جولائی ، 2024

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ،نیوز رپورٹر)صد ر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یوم عاشورہ ، 10 محرم الحرام 1446 ھ ، کے موقع پراپنے الگ الگ پیغامات میں کہا کہ یومِ عاشورہ کو اسلامی تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ یہ دن رسول اللہ ﷺ کے نواسے حضرت امام حسینؓ کی میدان ِکربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے۔ آج کے دن امام حسینؓ اور ان کے وفادار ساتھیوں نے ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ کر اسلامی اقدار کے احیاء اور امت ِمسلمہ کے حقوق کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ امام حسینؓ کی شہادت امت مسلمہ کے لیے عظیم درس ہے۔صد ر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے شدید دباؤ اور مشکلات کے باوجود ظالم اور جابر حکمران کے خلاف کلمہ ِحق بلند کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم عاشور بے شمار فضائل اور تاریخی واقعات کی وجہ سے خاص اہمیت کا حامل ہے۔ اس دن نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حق اور باطل کی لڑائی میں اپنے اور اپنے رفقاء کی جانوں کا نذرانہ دے کر حق کو حقیقی فتح سے سرفراز کیا ۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا  اللہ تعالی ہمیں حضرت امام حسینؓ اور انکے رفقاء کی عظیم قربانیوں سے سبق حاصل کرنے اور ہمت، استقامت کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں برداشت، صبر، ایثار اور باطل قوتوں کے خلاف کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے مسلم اُمہ کو اپنی صفوں میں اتحاد اور یگانگت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلم اُمہ کو درپیش مسائل کا حل اتحاد اور اتفاق، بھائی چارے میں مضمر ہے۔