عمران خان کا 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ منظور کرنیکا تحریری حکم جاری

17 جولائی ، 2024

لاہور ( این این آئی) بانی پی ٹی آئی عمران خان کا 12مقدمات میں جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کا تحریری حکم جاری کر دیا گیا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ انصاف کے تقاضوں پورا کرنے کے لیے تفتیش میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہئے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج خالد ارشد نے 4صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، تحریری حکم نامے کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی واٹس ایپ ویڈیو کال پر حاضری لگائی گئی، ملزم پر انتشار کے ذریعے مجرمانہ سازش کرنے کا الزام ہے۔تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ملزم پر الزام ہے کہ ماڈرن ڈیوائس ،موبائل فون آڈیو، ویڈیو کے ذریعے سازشی پیغامات پھیلائے، متعلقہ آڈیو، ویڈیو پیغام تحقیقات کے لیے پنجاب فرانزک ایجنسی کے پاس موجود ہیں۔عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ آڈیو، ویڈیو کی تصدیق ملزم کے فوٹوگرامیٹری، وائس میچنگ اور پولی گرافک ٹیسٹ کے ذریعے ہوسکتی ہے، ملزم سے آڈیو، ویڈیو اپ لوڈنگ میں استمعال ہونے والے آلات کی برآمدگی ہونا ہے۔تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ملزم کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے، ملزم کو 25 جولائی کو ویڈیو لنک کے ذریعے دوبارہ عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔