پی ٹی آئی پر پابندی میں عجلت سے گریز کیا جائے‘ ق لیگ

17 جولائی ، 2024

اسلام آباد(این این آئی)حکومت کی اہم اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) نے حکمران جماعت کو مشورہ دیا ہے کہ تحریک انصاف پر پابندی سے متعلق عجلت سے گریز کیا جائے ،تمام قانونی پہلوئوں کا جائزہ لے کر اقدام اٹھایا جائے، کل سپریم کورٹ میں پابندی کے جواز کو ثابت بھی کرنا ہوگا۔ (ق) لیگ کے ترجمان و مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفی ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف پر پابندی کے متعلق چوہدری شجاعت کا موقف واضح ہے‘بعض معاملات میں حکومت کو وسیع قلبی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔مصطفی ملک نے کہا کہ دوسری جانب تحریک انصاف بھی اپنے رویہ پر غور کرے‘اسے قومی مفادات کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے‘سیاسی جماعتیں معاشی و سیاسی استحکام کی خاطر انا کی سیاست ترک کریں۔