تحریک انصاف پر پابندی کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا، اتحادیوں سے مشاورت کی جائیگی، نائب وزیراعظم

17 جولائی ، 2024

لاہور ( جنرل رپورٹر /اپنے نامہ نگار سے)ڈپٹی وزیر اعظم و وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ ابھی حتمی نہیں فیصلہ سیاسی نہیں،اتحادیوں سے مشاورت کی جائیگی، ہم آئین و قانون کے تحت ملکی معاملات کو چلائیں گے، بانی پی ٹی آئی کی طرح آئین وقانون سے کھلواڑ نہیں کریں گے ،وہ لاہور میں حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر غسل کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نےکہا کہ کل وزیرِ اطلاعات نے جو اعلان کیا اس پر سیاسی جماعتوں اور اتحادیوں سے مشاورت کریں گے۔ پاکستان کی سلامتی کیخلاف کچھ قابل قبول نہیں،9مئی واقعہ کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے، سیاسی مفاہمت ہوتی ہےاور 9 مئی کا واقعہ قابل قبول نہیں، ان لوگوں کو سزا ملنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کوئی فیصلہ سیاسی نہیں ہوگا، فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نےکہا پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ لینے والی جماعت ہے، جسے یہودیوں اور عیسائیوں نے بھی فنڈز دیے ہیں، تمام ثبوت موجود ہیں کہ پی ٹی آئی فارن فنڈڈ جماعت ہے، پی ٹی آئی پر پابندی لگانےکے لیے آئینی و قانونی پہلو مد نظر رکھے جائیں گے، ہمیں ملکی سلامتی اور استحکام کو مقدم رکھنا چاہیے، جو ملکی سلامتی کے خلاف ہو اسے قانون اور آئین کے تحت سزا ہونی چاہیے۔ نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن یا پی ڈی ایم کو حکومت لینےکا شوق نہیں تھا، اگر حکومت نہ لیتے تو ملک ڈیفالٹ ہو جاتا، ملک کو معاشی قوت بنانےکے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داتا دربار کی توسیع کا کام جاری ہےتعمیراتی و توسیع کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔