اکتوبر نومبر کا انتظار ہے، پھر 8 فروری والے الیکشن کو بھی ہدف بنایا جائیگا، خواجہ آصف

17 جولائی ، 2024

سیالکوٹ،لاہور(نمائندہ جنگ،ٹی وی رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فیصلے میں پی ٹی آئی کو وہ کچھ دیا گیا جو انہوں نے مانگا نہیں، ایک ایجنڈا ہے جو فالو کیا جارہا ہے،اکتوبر نومبر کا انتظار ہے،پھر 8 فروری والے الیکشن کو بھی ہدف بنایا جائیگا،کوئی ادارہ پاکستان کی سالمیت سے ماورا نہیں، عدالتیں اپنا احترام کروائیں، ایسے فیصلے دیں جو سیاسی نہ ہوں،پی ٹی آئی پر پابندی کے لیے پارلیمنٹ میں اتحادیوں سے مشاورت کرینگے،گزشتہ روز سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ کیا 26لاکھ کیسز کا فیصلہ نہ کرنا توہین نہیں،خلاف آئین فیصلہ پر کبھی تو ہین عدالت لگی؟ ماورائے آئین فیصلے کرنیوالےججوں کو قبروں سے نکال کر ٹرائل کریں۔ دہشت گردی سب سے زیادہ کے پی میں ہورہی ہے اور کے پی حکومت آپریشن میں حصہ لینے کے لیے تیار ہی نہیں،انہوں نے مزید کہا کہ سابق صدر پاکستان عارف علوی،قاسم سوری اور بانی پی ٹی آئی کے آئین توڑا ہے آئین کی خلاف ورزی جو بھی کرے اس پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے توہین عدالت جب بھی لگی سیاست دانوں پر لگی سیاست دانوں کو اتنا کمزور نہ سمجھا جائے، ہمارا نظام 9 مئی کے ملزمان کا دفاع کر رہا ہے جو سائل ہی نہیں تھا اسکے حق میں فیصلہ دیا گیا 9 مئی کو شہدا کی توہین کی گئی، تحریک انصاف ملکی سالمیت کے خلاف جارہی ہے، یہ کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی نہیں تو ملک نہیں معاملہ ہمارے اقتدار کا نہیں پاکستان کے وجود کا ہے ہم نے آئین کے تحفظ کا حلف اٹھایا ہے،سپریم کورٹ کا فیصلہ میرے موقف کی تائید کرتا ہے ملک اداروں کے ساتھ ٹکراو کا متحمل نہیں ہوسکتا،آئین پاکستان تمام اداروں کی حددو اور اختیار متعین کرتا ہے،نواز شریف کو پھانسی کی سزا سنائی گئی اس کے پورے خاندان کو قید کر دیا گیا۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا ہے کہ میری امریکہ سے درخواست ہے کہ اس نے جس طرح پی ٹی آئی پر پابندی پر تشویش کا اظہار کیا ویسے ہی ایک دن غزہ پر بھی اظہار تشویش کرے وہاں 35 ہزار مسلمان شہید ہوئے ہیں، اس وقت 26لاکھ کیسز زیر التوا ہیں جن کی سماعت نہیں ہوتی،اپیل نہیں لگتی فیصلے نہیں ہوتے یہ خود جاکر جیل میں رہ کر صورتحال کو دیکھیں تب احساس ہوگا ان کو ۔