علی امین گنڈاپور سمیت 70 اراکین اسمبلی پی ٹی آئی میں دوبارہ شامل،حلف نامے جمع کرا دیئے

17 جولائی ، 2024

پشاور(این این آئی) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت 70 اراکین اسمبلی نے سپریم کورٹ فیصلے کے بعد پی ٹی آئی میں دوبارہ شامل ہونے کے لیے حلف نامے جمع کرادیے۔مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واپس پی ٹی آئی جوائن کرلی۔علی امین گنڈاپور نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا تھا اور انہوں نے انتخابات جیتنے کے بعد کوئی پارٹی جوائن نہیں کی تھی۔ صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سنی اتحاد کونسل سے واپس پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے میں واضح ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے، مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کا حق تھا اور پی ٹی آئی کو مل گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیکل 6 ان پر لاگو ہوتا ہے جنہوں نے آئین کے مطابق انتخابات نہیں کروائے۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو دینے کا حکم دیا تھا