PTI پرپابندی، رہنمائوں کے بیانات پارٹی پالیسی نہیں ، پیپلزپارٹی

17 جولائی ، 2024

خیرپور،کراچی، اسلام آباد (ایجنسیاں)پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق تمام بیانات کو رہنمائوں کی ذاتی رائے قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیانات پارٹی پالیسی نہیں۔ نیئر بخاری نے کہا کہ اس حوالے سے فیصلہ قیادت مشاورت کے بعد رائے دیگی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کردار افسوسناک ہے، اگر وہ سیاسی جماعت بن کر چلے تو پابندی کے حق میں نہیں ہیں، شازیہ مری نے کہا کہ پابندی کے حوالے سے فیصلے سے قبل حکومت نے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا، شیری رحمن نے کہا کہ پابندی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ فرحت اللہ بابر کا وفاقی حکومت کے فیصلے کے خلاف ٹوئٹ ان کی ذاتی رائے ہے، پارٹی پالیسی نہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے، اس کی ذمے دار وہ خود ہے۔ خیرپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا جو کردار رہا ہے افسوس کہ ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ وہ سیاسی نہیں تھا۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ سیاسی جماعت پر پابندی لگانے سے گریز کرے۔ ملک کسی نئے بحران کا متحمل نہیں ہوسکتاہے۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ حکومت نے پیپلزپارٹی کو اس فیصلے پر اعتماد میں نہیں لیا، ہم حکومت کے اس فیصلے سے متعلق پارٹی کے اندر مشاورت کرینگے۔