چناری انجمن تاجران کے انتخابات، امیدواروں کی سرگرمیاں تیز

20 جولائی ، 2024

ہٹیاں بالا(نمائندہ جنگ) سرینگر ،مظفرآباد روڈ پر واقع تاریخی وسات یونین کونسلوں کے تجارتی مرکز چناری کی انجمن تاجران کے آمدہ انتخابات،دس محرم الحرام کے گذرتے ہی امیدواروں کی رابطہ مہم اور سرگرمیاں مزید تیز ہو گئیں، تاجروں میں زبردست جوش و خروش، آج بیس جولائی موجودہ صورتحال پر غور وخوص اور اہم فیصلوں کیلئے ریسٹ ہاؤس چناری میں چار بجے سیکڑوں تاجروں کا گرینڈ اجلاس منعقد ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق تاریخ میں پہلی مرتبہ انجمن تاجران چناری کے متوقع الیکشن کیلئے امیدواروں کی رابطہ مہم میں دن بدن تیز ی آرہی ہے، انجمن تاجران چناری کے جنرل سیکرٹری پروفیسر میر خالد لطیف کی جانب سے صدر حاجی فاروق رئیسانی کی مشاورت سے طلب کردہ اہم اجلاس آج بیس جولائی کے روز ریسٹ ہاؤس چناری میں شام چار بجے ہو گا،جس میں شرکت کیلئے تاجروں کو دعوت عام ہے، انجمن تاجران چناری کے جنرل سیکرٹری پروفیسر میر خالد لطیف نے رابطہ مہم کے دوران تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کے پاس مکمل اختیار ہے وہ آج کی میٹنگ میں جو بھی فیصلہ کریں گے ،اس پر ہم من وعن عملدرآمد کریں گے، پہلے بھی بھائی چارے، محبت اور امن کیساتھ تاجر اپنے نمائندوں کا چنائو کرتے رہے اب کی بار بھی جو رائے اکثریتی تاجروں کی ہو گی اسی ہی کے مطابق مستقبل کے فیصلے کئے جائیں گے، خالد میر نے کہا کہ تاجروں کی اکثریت جن تاجروں کو نمائندگی کیلئے منتخب کرے گی وہی تاجر، تاجروں کی نمائندگی کا حق رکھیں گے۔