واٹس ایپ کا صارفین کی سیکورٹی کیلئے نیااقدام

20 جولائی ، 2024

نیویارک (نیوزڈیسک)واٹس ایپ میں ایک ایسے کارآمد فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جو صارفین کو آن لائن فراڈ سے بچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔Wabetainfo کی رپورٹ کے مطابق میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ میں سکیورٹی چیک اپ نامی فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے۔یہ فیچر ابھی اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنی سکیورٹی سیٹنگز تک آسانی سے رسائی حاصل کرکے اپنی پسند کے مطابق ان میں تبدیلیاں کر سکیں گے۔رپورٹ کے مطابق اس فیچر سے صارفین آسانی سے سکیورٹی سیٹنگز پر نظرثانی کرسکیں گے۔اس فیچر کا مقصد صارفین کے اکاؤنٹس کو اضافی سکیورٹی فراہم کرنا ہے۔سکیورٹی چیک اپ اسکرین میں مختلف فیچرز جیسے پاس کی (passkey) تک رسائی ممکن ہوگی۔پاس کی وہ فیچر ہے جس سے صارفین اپنے اکاؤنٹ پر بائیومیٹرک ڈیٹا یا اسکرین لاک کے ذریعے لاگ ان ہوسکتے ہیں۔صارفین اپنے ای میل ایڈریس کو بھی ایڈ کرسکیں گے تاکہ اس وقت اکاؤنٹ کو ریکور کرسکیں جب ایس ایم ایس کے ذریعے ویریفکیشن کوڈ تک رسائی مشکل ہو۔سکیورٹی چیک اپ میں 2 اسٹیپ ویریفکیشن فیچر بھی تجویز کیا جائے گا جو اکاؤنٹ کو زیادہ تحفظ فراہم کرتا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فیچر کا بنیادی مقصد سکیورٹی ترجیحات کو کنٹرول کرنے کا عمل آسان بنانا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ صارفین اکاؤنٹس کے تحفظ کے لیے موجود آپشنز تک آسانی سے رسائی حاصل کرسکیں۔ابھی چونکہ اس فیچر کی آزمائش جاری ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔