قرارداد الحاق پاکستان کشمیریو ں کا اجتماعی فیصلہ تھا،شاہ غلام قادر

20 جولائی ، 2024

مظفرآباد(صباح نیوز)صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ الحاق پاکستان کشمیریوں کا نظریہ ہے، قرارداد الحاق پاکستان کشمیریوں کا اجتماعی فیصلہ تھا،یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن تاریخ کشمیر میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔ قیام پاکستان سے قبل ہی کشمیریوں نے اپنا رشتہ پاکستان کیساتھ جوڑ دیا تھا اور آج تک اسی نظریہ پر قائم ودائم ہیں، بھارت کے تمام تر ظلم وستم اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری نظریہ الحاق پاکستان پر قائم ہیں اور منزل کے حصول تک اس نظریہ پر قائم رہیں گے،انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر و مقبوضہ کشمیر مٰیں بسنے والے کشمیری جس مذہب و فرقے سے تعلق رکھتے ہیں مملکت خداداد پاکستان کیساتھ دلی وابستگی رکھتے ہیں۔ بھارتی فوج کا جابرانہ تسلط کشمیریوں کے حو صلہ کو پست نہیں کرسکتا۔ ہماری منزل پاکستان ہے اور اس ضمن میں قرارداد الحاق پاکستان کی بنیادی روح کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہر سفارتی و سیاسی محاز پر اپنی آواز بلند کرتی رہیں گے۔