یوم قراردادالحق پاکستان کے موقع پر مظفر آباد میں پاسبان حریت کی ریلی

20 جولائی ، 2024

مظفرآباد(صباح نیوز) پاسبان حریت کے زیرِ اہتمام یوم قرار داد الحاق پاکستان کے موقع پر مظفرآباد میں ریلی نکالی گئی، سینکڑوں شہریوں نے 19 جولائی کی قرارداد کے متن پر دستخط کرکے اسکی توثیق کی۔ تفصیلات کے مطابق 19 جولائی 1947 کی قرارداد الحاق پاکستان کی تائید و توثیق اور حمایت کیلئے پاسبان حریت کے زیراہتمام سینٹرل پریس کلب میں تقریب وریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی فلک شگاف نعرے لگائے اور 19 جولائی کی پاس شدہ قراداد کے متن پر دستخط کرکے قرار داد کی توثیق کی۔ ریلی کی قیادت چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی، وائس چیئرمین عثمان ہاشم، حریت رہنما مشتاق الاسلام، حمزہ شاہین، غلام حسن بٹ، اسحاق شاہین، خواجہ صادق، صدیق قریشی، بشیر خان س، جاوید احمد مغل نے کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرینگر میں پاس شدہ 19 جولائی کی قرارداد الحاق پاکستان تحریکِ آزادی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے کشمیری عوام نے پاکستان بننے سے 25 دن پہلے ہی پاکستان کیساتھ وابستہ ہونے کا فیصلہ دے دیا تھا کشمیری عوام آزادانہ طور استصواب رائے کے زریعے الحاق پاکستان کو ترجیح دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے الحاق کیلئے اہل کشمیر بھارتی جبرواسبتداد کا مقابلہ بڑی ہمت اور جرات سے کر رہے ہیں۔ ریلی میں شریک شہریوں نے ریلی کا انعقاد کیا اور 19 جولائی 1947 کی قرارداد الحاق پاکستان کی مکمل تائید وحمایت کا اعلان کیا۔