پاکستان کشمیری عوام کی آخری اور محفوظ ترین پناہ گاہ ہے،سردار عتیق

20 جولائی ، 2024

اسلام آباد (اے پی پی) صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیری قوم دنیا بھر میں 19جولائی 1947 کی مسلم کانفرنس کی قرارداد الحاق پاکستان کی تجدید کررہی ہے، کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ جنوبی ایشیا کے محفوظ مستقبل کی ایک بڑی ضمانت ہے، پاکستان کشمیری عوام کی آخری اور محفوظ ترین پناہ گاہ ہے۔19جولائی یوم قرارداد الحاق پاکستان کے حوالے سے بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک الحاق پاکستان درحقیقت تحریک تکمیل پاکستان ہے کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ جنوبی ایشیا کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، پاکستان کشمیری عوام کی آخری اور محفوظ ترین پناہ گاہ ہے، ہماری آنے والی نسلوں کا محفوظ مستقبل صرف اور صرف پاکستان سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ دفاع پاکستان کی مقبول عوامی بنیاد ہے،جلد یا بادیر بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے نکلنا ہوگا، مقبوضہ کشمیر کے مذہبی، سیاسی اور پاکستانی تشخص پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس آج بھی 19جولائی 1947 کی قردار داد الحاق پاکستان کیساتھ کھڑی ہے، قرارداد الحاق پاکستان منظور کرنے والے سیاسی و پارلیمانی قائدین ہمارے قومی ہیروز ہیں۔