کشمیری اپنی آزادی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرینگے،تنویر الیاس

20 جولائی ، 2024

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے صدر و سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کوعالمی برادری کی توجہ کی ضرورت ہے،کشمیری اپنی آزادی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرینگے، بھارت پاکستانی اور کشمیری عوام کو جدو جہد پر مجبور کر رہا ہے،بھارت کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کرنا عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے،عالمی برادری اور بالخصوص اقوام متحدہ کے پانچ مستقل ارکان اس کا نوٹس لیں،وطن سے محبت آٹے، چینی یا بجلی کی قیمتوں کی محتاج نہیں ہوتی،بھارت ہٹ دھرمی، شیوسینا کے نظریئے سے باہر نکل کر حقائق کو سامنے رکھ کر دیکھے، کشمیریوں کواقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق رائے شماری کے تحت اظہار رائے کا حق دیا جائے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کیساتھ کھڑے ہیں، نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اپنے ساتھیوں ممبر قانون ساز اسمبلی علی شان سونی،مشیر حکومت احمد صغیر،عدنان سیاب خالد و دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے، سردار تنویر الیاس نے کہا کہ کشمیریوں نے غازی ملت سرار ابراہیم خان گھر 19 جولائی 1947کو ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں الحاق پاکستان کا اعلان کیا گیا تھا، کشمیریوں کی منزل صرف اور صرف پاکستان ہے، جوخطہ آزاد ہو چکاہے وہ پاکستان کا حصہ ہے ہم اسی کو مانتے ہیں، ایل او سی کے اس پار جو کشمیری قربانی دے رہے ہیں۔