اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی کمپنی ہواوے کی مدد سے سالانہ تین لاکھ پاکستانی طلبا و طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پیشہ ورانہ تربیت سے ملک کی آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی، بلوچستان کے نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر آئی ٹی تربیت فراہم کی جائے گی ،خودکار، جدید و تیز تر گورننس کے نظام کے نفاذ کے لئے حکومتی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیراعظم شہباز شریف سے ہواوے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایتھن سن کی قیادت میں چار رکنی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ دورہ چین میں ہواوے ہیڈکوارٹر کا دورہ انتہائی مفید رہا، ہواوے سے مختلف شعبوں میں بالخصوص نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید تربیت فراہم کرنے کیلئے اشتراک سب سے اہم ہے، ہواوے کی مدد سے سالانہ تین لاکھ پاکستانی طلبا و طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پیشہ ورانہ تربیت سے ملک کی آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف خواتین بلکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر اس تربیتی پروگرام کا حصہ بنائے گی، حکومت ہواوے کے ساتھ پاکستان کی ڈیجیٹل اکانومی میں پائیدار اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں باصلاحیت افرادی قوت کی مضبوط بنیاد قائم کرنے سے ہی ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ دیا جا سکتا ہے، خودکار، جدید و تیز تر گورننس کے نظام کے نفاذ کے لئے حکومتی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وفد نے وزیراعظم کو پاکستان اور ہواوے کے مابین ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے لئے تعاون کے معاہدے کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ٹی تربیت کے لئے جدید طرز کا آن لائن کورسز سسٹم تیار کیا جا چکا ہے جسے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے نافذ کیا جائے گا۔ وفد نے پاکستان کی قومی کلائوڈ سٹریٹجی سے ہم آہنگ نیشنل ڈیٹا سینٹر بنانے کے لئے تعاون کی پیش کش کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ نیشنل ڈیٹا سینٹر کے قیام سے بہتر کلائوڈ سروسز کی فراہمی یقینی ہو جائے گی اور کثیر زر مبادلہ بچایا جا سکے گا۔ وفد نے بتایا کہ اسلام آباد کو سمارٹ سٹی بنانے کے لئے ہواوے حکومت پاکستان کے ساتھ شراکت داری کا خواہاں ہے، اسلام آباد سمارٹ سٹی منصوبے کے تحت ٹریفک، صحت اور تعلیم کی خدمات سے لے کر پارکنگ وغیرہ جیسے دیگر سہولتوں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہے۔ملاقات میں وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسن افضل اور متعلقہ اعلی افسران بھی موجود تھے۔