بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی ، مزید 2کشمیری نوجوان شہید

20 جولائی ، 2024

سرینگر(خبرایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں قابض بھارتی نے مزید 2کشمیری نوجوانو ں کا ماورائے عدالت قتل کردیا۔قابض بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کے ضلع کپواڑا میں داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے نام نہاد سرچ آپریشن کیا۔جس کے دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کرکے دو نوجوانوں کو شہید کردیا گیا اور لاشیں لواحقین کو دینے کے بجائے پولیس کے حوالے کردی گئیں۔والدین اپنے پیاروں کی لاشوں کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ علاقہ مکینوں نے بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔مظاہرین نے جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں اور بھارتی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ کی پولیس نے مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔قابض سیکورٹی فورسز نے مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں بھی چلائیں جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے جب کہ آنسو گیس سے درجنوں خواتین اور اور بچوں کی حالت غیر ہوگئی۔ علاوہ ازیں بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ کے علاقے پٹن چینہ بل میں پر امن مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔