پاکستان اور برطانیہ کا موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے تعاون پر اتفاق

20 جولائی ، 2024

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی اور حکومت برطانیہ نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے تعاون کے فروغ پر اتفاق رائے کیا ہے ۔یہ اتفاق وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم اور یوکے ایمبیسی کے ایک وفد نے جمعہ کو ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر جو موئیر کی قیادت میں ان سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتا ہے اور دونوں ممالک اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔رومینہ خورشید نے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی انحطاط کے مسائل سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک میں سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں اور کارپوریٹ سیکٹرز کو مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے گلوبل وارمنگ کے اثرات کو کم کرنے، سیلاب کے خطرات سے نمٹنے اور کمزور کاشتکار برادریوں کی مدد کے لیے ٹھوس اقدامات کی فوری ضرورت کو اجاگر کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ موسم کی تبدیلی نے زرعی پیداواری صلاحیت کو نمایاں طور پر متاثر کیا ہے جس سے غذائی تحفظ اور معاش کو خطرہ لاحق ہوا ہے اور ملک موسمیاتی آفات سے اربوں ڈالر کے معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔برطانیہ کے وفد نے کوآرڈینیٹر کو ایک رپورٹ پیش کی جس کا مقصد پاکستان کی آب و ہوا کی لچک کوفروغ دینا تھا اور دونوں فریقین نے پائیدار زرعی طریقوں کو نافذ کرنے اور مستقبل کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔