اسلا م آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مشیر عالم اور جسٹس (ر) مقبول باقر کے بعد جسٹس (ر) مظہر میاں عالم خیل نے بھی ایڈہاک جج کی ذمہ داری لینے سے معذرت کر لی۔ذرائع کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل نے جوڈیشل کمیشن کو اپنے فیصلے سے آگاہ بھی کر دیا ہے۔ گزشتہ روز جسٹس(ر) مقبول باقر نے بھی ایڈہاک جج بننے سے معذرت کی تھی۔سابق نگران وزیراعلی سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر نے کہا تھا کہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے ایڈہاک جج کا عہدہ قبول نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا تھا کہ ایڈہاک جج بننا قانونی عمل ہے اس میں کوئی عیب نہیں۔ 16 جولائی کو سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مشیر عالم نے ایڈہاک جج بننے سے معذرت کرتے ہوئے اپنے فیصلے سے جوڈیشل کمیشن کو خط لکھ کر آگاہ کردیا تھا۔ چیف جسٹس نے ایڈہاک ججز کی تقرری کے لیے 4 ریٹائرڈ ججز کے نام تجویز کیے تھے، ان ججز میں جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم، جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر ، جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس ریٹائرڈ طارق مسعود کے نام شامل ہیں۔