پارلیمان اور عوام میں قریبی روابط سے ملک میں جمہوریت مستحکم ہو گی، ایاز صادق

20 جولائی ، 2024

اسلام آباد (اے پی پی)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پارلیمان اور عوام میں قریبی روابط سے ملک میں جمہوریت مستحکم ہو گی، ینگ سٹیزن انٹرن شپ پروگرام کی بدولت مستقبل کے معماروں کو پارلیمنٹ اور اس کے نظام کار سے آگاہی حاصل ہو گی۔ گزشتہ روز ینگ سٹیزن انٹرن شپ پروگرام کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پروگرام میں شامل تمام بچوں کو پارلیمان میں خوش آمدید کہتا ہوں، قومی اسمبلی میں بچوں کی انٹرن شپ پروگرام کی بنیاد 2014 میں رکھی، بچوں کا انٹرن شپ پروگرام میرے دل کے انتہائی قریب ہے ، بچوں کے روشن مستقبل کے لئے تمام ممکن اقدامات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ اس پروگرام میں ملک کے تمام علاقوں اور طبقات کی نمائندگی ہے، پارلیمان 25کروڑ عوام کی دانش گاہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ینگ سٹیزن انٹرن شپ پروگرام کی بدولت مستقبل کے معماروں کو پارلیمنٹ اور اس کے نظام کار سے آگاہی حاصل ہو گی، پارلیمان اور عوام میں قریبی روابط سے ملک میں جمہوریت مزید مستحکم ہو گی، یہ باعث اطمینان ہے کہ ملک کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ سب مل کر کام کریں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے بچوں کو پروگرام میں بھرپور شرکت کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔