احتساب عدالتوں میں زیرالتوا مقدمات کو دوسری عدالتوں میں منتقلی کے احکامات جاری

20 جولائی ، 2024

لاہور (اے پی پی)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے لاہور کی احتساب عدالتوں میں زیرِالتوا مقدمات کا نوٹس لے لیا،جن احتساب عدالتوں میں ججز تعینات نہیں ہیں وہاں سے زیرِالتوا مقدمات کو دوسری عدالتوں میں منتقل کرنے کے احکامات جاری کردیئے، لاہور کی دس احتساب عدالتوں میں سے صرف تین احتساب عدالتوں میں ججز تعینات ہیں جبکہ دیگر سات احتساب عدالتوں میں ججز تعینات نہیں ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت نمبر1، 4،7 اور8 میں کوئی بھی مقدمہ زیرِ التوا نہیں ہے تاہم احتساب عدالت نمبر2 میں36 مقدمات زیرِ التوا ہیں،اسی طرح احتساب عدالت نمبر3 میں 18 مقدمات زیرِ التوا ہیں جبکہ احتساب عدالت نمبر6 میں11 مقدمات زیرِ التوا ہیں۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کے احکامات کی روشنی میں متذکرہ احتساب عدالتوں میں زیرِالتوا65 مقدمات کو باقی تین عدالتوں میں منتقل کیا جائے گا۔احتساب عدالت نمبر2 کے مقدمات احتساب عدالت نمبر5 میں منتقل کئے جائیں گے،احتساب عدالت نمبر3 کے مقدمات کو احتساب عدالت نمبر10میں منتقل کیا جائیگا جبکہ لاہور کی احتساب عدالت نمبر6 میں زیرِالتوا مقدمات کو احتساب عدالت نمبر9 میں منتقل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔واضح رہے کہ جن عدالتوں سے مقدمات کو منتقل کیا گیا ہے،وہاں ججز کی تعیناتی کے بعد مقدمات کو واپس انہی عدالتوں میں بھیج دیا جائیگا۔ترجمان لاہور ہائیکورٹ کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کو عدالتِ عالیہ کی اولین ترجیح قرار دیا ہے اور احکامات جاری کئے ہیں کہ کسی بھی عدالت میں مقدمات کو غیرضروری التوا میں نہیں رکھا جائے گا۔