سائبر سیکورٹی فرم کے سسٹم میں فالٹ،دنیا بھر میں پروازوں اور بینکنگ کا نظام متاثر

20 جولائی ، 2024

نیویارک،سڈنی،لندن،ممبئی(نیوز ایجنسیاں/ٹی وی رپورٹ)دنیا کے متعدد ممالک میں بینکوں، فضائی کمپنیوں، ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں، ٹیلی ویژن (ٹی وی) اور ریڈیو نشریات اور سپر مارکیٹس کے سسٹمز امریکی سائبر سیکرٹی کمپنی کے سسٹم میں خرابی کے باعث آف لائن ہوگئے۔ سائبر سیکورٹی کمپنی کراؤڈاسٹرائیک کےسافٹ وئیرمیں خرابی سے دنیا بھر میں مائیکرو سافٹ کے آپریٹنگ سسٹم ونڈوز پر کام کرنے والے کمپیوٹرز متاثر ہوئے۔کراؤڈ اسٹرائیک کے مطابق امریکا، برطانیہ، نیوزی لینڈ، بھارت اور دیگر متعدد ممالک میں ونڈوز ورک اسٹیشنز اسکرین آف ڈیتھ ایرر کی وجہ سے آف لائن ہوئے۔کمپنی کے مطابق سافٹ وئیر میں ہونے والی خرابی کو شناخت کرلیا گیا ہے اور اسے ٹھیک کرنے کے لیے کام جاری ہے۔اس حوالے سے خرابی کا مائیکرو سافٹ نے اعتراف کیا ہے اور ان کی جانب سے خرابی کو دور کرنے کے لیے کام شروع کردیا گیا۔