ڈیموکریٹک رہنمائوں کا صدر جو بائیڈن پر صدارتی انتخاب سے دستبردار ہونے پرزور

20 جولائی ، 2024

واشنگٹن (اے پی پی)امریکا کی حکمران جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنمائوں نےصدر جو بائیڈن پر صدارتی انتخاب سے دستبردار ہونے پرزوردیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر کی کامیابی کاامکان کم جب کہ ان کے حریف ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کے خدشات بڑھ گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر باراک اوباما نے ڈیموکریٹک پارٹی کے اتحادیوں سے کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن کی جیت کا راستہ بہت کم ہو گیا ہے اور ان کا خیال ہے کہ صدر کو اپنی امیدواری کے قابل عمل ہونے پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ دیگر سینیٹر ڈیموکریٹک رہنما چک شومر اور امریکی ایوان نمائندگان کی سابق سپیکر نینسی پیلوسی نے صدر جو بائیڈن پر زور دیا ہے کہ وہ ان خدشات کے باعث اپنی دوبارہ انتخابی مہم سے دستبردار ہوجائیں کہ وہ ریپبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست نہیں دے سکتے۔ اے بی سی نیوز نے بدھ کو رپورٹ کیا تھا کہ سینیٹر چک شومر نے ہفتے کو ایک میٹنگ میں صدر جو بائیڈن سے کہا تھا کہ اگر وہ اپنی انتخابی مہم ختم کر دیں تو یہ ملک اور ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے بہتر ہو گا۔ ، اے بی سی نیوز نے گفتگو سے متعلق ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ امریکی ہاؤس کے ڈیموکریٹک رہنما حکیم جیفریز نے براہ راست جو بائیڈن سے اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ سی این این نے بدھ کو اطلاع دی تھی کہ نینسی پیلوسی نے بھی بائیڈن کو بتایا ہے کہ پولنگ سروے سے پتہ چلتا ہے کہ وہ ٹرمپ کو شکست نہیں دے سکتے اور صدر ایوان نمائندگان میں دوبارہ اکثریت جیتنے کے ڈیموکریٹس کے امکانات کو ختم کر سکتے ہیں۔