سیکنڈ ہینڈ موٹر سائیکل کی بائیو میٹرک کا مسئلہ حل کیا جائے، ڈیلرز ایسوسی ایشن

20 جولائی ، 2024

راولپنڈی(خبر نگار خصوصی ) آل پاکستان موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیکنڈ ہینڈ موٹر سائیکل کی بائیو میٹرک کا مسئلہ فی الفور حل کیا جائے ،ٹیکسز کی بھرمارپر نظر ثانی کی جائے اس وقت بائیو میٹرک کی وجہ سے سیکنڈ ہینڈ موٹرسائیکل کا کاروبار کرنے والے تاجر شدید مشکلات کا شکار ہیں اور اس سے منسلک ہزاروں گھرانے کے چولھے بجھ رہے ہیں اس کاروبار سے منسلک ہزاروںافراد کو بے روزگار ہونے سے بچانے کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن راولپنڈی کے ڈویثرنل صدر شیخ شفیق عرف شیکی اور دیگرنے گزشتہ روز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے مہما ن خصوصی ایم اے ہارون شیخ تھے۔ اجلاس میں تمام راولپنڈی اسلام آباد اور ملک بھر کی عہدیداران نے شرکت کی اور تاجروں کو در پیش مسائل کے حوالے سے اظہار خیال کیا گیا ۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ وہ ان مسائل کو حل کرانے کیلئے اپنا بھرپور کر دار ادا کرینگے۔ اس موقع پر ایم اے ہارون شیخ نے شرکاء کو یقین دلایا کہ انھیں ریلیف دلانے کیلئے وفاق اور پنجاب سے بات چیت کیلئے وقت لیکر انھیں مسائل سے آگاہ کریں گے۔