مغوی پریا کماری کی بازیابی کیلئے تین تلوار پر احتجاج ،ٹریفک جام

20 جولائی ، 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سکھر کے علاقے سے تین سال قبل اغوا ہونے والی 7 سالہ بچی پریا کماری کی بازیابی کے لئے سول سوسائٹی کی جانب سے تین تلوار پر احتجاج کیا گیا،مظاہرین کا کہنا تھا کہ تین سال میں پریا کماری کا بازیاب نہ ہونا ریاست کی نااہلی ہے، احتجاج میں پریا کماری کی والدہ اور دیگر رشتہ دار بھی شریک تھے،احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔دریں اثنا احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس نے سڑک کھلوانے کی کوشش کی ،مظاہرین اور پولیس میں تلخ کلامی ہوئی، پولیس کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین کو بھی مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا اور متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا،سائوتھ پولیس کے مطابق حراست میں لیے گئے تمام افراد کو فوری رہا کر دیا گیا تھا ،تشدد کرنے والے اہلکاروں کی نشاندہی کرلی گئی ہے،ایس ایس پی ساؤتھ تمام واقعہ کی ازخود انکوائری کررہے ہیں،اختیارات سے تجاوز کرنے کی کسی کو اجازت نہیں،وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار نے ڈی آئی جی جنوبی کو انکوائری کا حکم دیا ہے۔