سٹریٹ کرائم میں مزاحمت پر حملہ 2 افراد زخمی، 2 گاڑیاں،44 موٹر سائیکل غائب

20 جولائی ، 2024

اسلام آباد (ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی، اسلام آباد میں64وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی ، زیورات اور دیگر قیمتی سامان کےعلاوہ 2کاریں ،38موٹر سائیکل اور ڈیڑھ درجن موبائل فون اڑا لئے گئے ۔ جڑواں شہروں میں 6موٹر سائیکل اور ایک درجن موبائل فون اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لئے گئے ۔ دو واقعات میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے دو افراد کو زخمی بھی کر دیا ۔ تھانہ نصیر آباد کے علاقے چاکرہ میں امیر بادشاہ خان سے اسلحہ کی نوک پر 22ہزار روپے ، موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین لیاگیا۔ مدعی مقدمہ نے ملزم کو پتھر مار کر روکنا چاہا تو اس نے فائرنگ کر دی۔ تھانہ نصیر آباد کے علاقے ٹاپ سٹی میں احتشام شاکر کے گھر تالے توڑ کر چور35لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور زیورات چوری کر کے چلتا بنا ۔تھانہ صدر بیرونی کے علاقے خیابان جناح اڈیالہ روڈ پر کاشف جمال کے گھرکے تالے ٹوٹ گئے اور چور 20ہزار روپے ، دو تولے سونے کے زیوارت اور 30ہزار کے برتن لے اڑے۔ تھانہ وارث خان کے علاقے آریہ محلہ میں حارث خان کی جیب سے ساڑھے چار لاکھ روپے مالیت کا موبائل فون ،تھانہ کلر سیداں کے علاقے ڈی ایچ اے ہومز میں ماریہ خان کے گھر سے 12لاکھ روپے مالیت کے زیورات چوری ہو گئے۔تھانہ ائر پورٹ کے علاقے بنارس کالونی میں یاسر علی کے گھر سے چور ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کے زیوارت اور چار ہزار روپے لےگئے ۔تھانہ صدر واہ کینٹ میں محمد عرفان کی فارمیسی سے موٹر سائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر دولاکھ 16 ہزار روپےچھین کر لے گئے ۔