کشمیریوں نے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کیا تھا‘ عبدالحمید لون

20 جولائی ، 2024

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) حریت رہنما عبدالحمید لون نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں۔ 19جولائی 1947ء کو کشمیریوں نے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کیا تھا۔ سری نگر میں  مسلم کانفرنس کے تاریخی اجلاس میں پاکستان سے الحاق کی قرارداد پیش کی گئی تھی۔ بھارت نے اکتوبر 1947ء میں جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا۔ عبدالحمید لون نے کہا کہ بھارت متنازع علاقے کو مسلم اکثریتی ریاست سے ہندو راشٹریہ علاقے میں تبدیل کر رہا ہے۔ جموں و کشمیر میں تمام بنیادی انسانی حقوق سلب ہیں۔ ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں۔ اقوام متحدہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔