شوہر کی قاتلہ اورآشنا کو عمر قید ، تین تین لاکھ ہرجانہ

20 جولائی ، 2024

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے شوہر کی قاتلہ سمیت اس کے آشنا کو عمر قیدسنا دی۔ تھانہ جاتلی میں گزشتہ برس درج کیس کے مطابق سدرہ فیصل نے سعد ظفر کے ساتھ مل کر اپنے شوہر فیصل شریف کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کر دیا تھا ۔گزشتہ روز ٹرائل مکمل ہونے پر عدالت نے دونوں کو عمر قید اور تین تین لاکھ روپے ہرجانہ کی سزا سنا دی۔دریں اثناء راولپنڈی کی سیشن عدالتوں نے منشیات سمگلنگ مقدمات میں دو خواتین کو اکیس سال قید اور چار لاکھ 80ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔سزا پانے والی ریحانہ کوثر کو روات پولیس نے گزشتہ سال ستمبر میں گرفتار کر کے 1460 گرام چرس اور 260 گرام آئس برآمد کی تھی۔ جرم ثابت ہونے پر گزشتہ روز ملزمہ کو 9 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانے کے علاوہ تین سال قید دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا ملی۔ادھرواہ کینٹ کے علاقہ سے گزشتہ سال نومبر میں گرفتار سعیدہ بی بی کے قبضے سے بھی 1460 گرام چرس برآمد ہوئی تھی۔ عدالت نے ملزمہ کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی۔