سرکاری اسکول یا اسپتال کو دھماکے سے اڑایا جائے، کالعدم ٹی ٹی پی سربراہ کی خفیہ کال سامنے آگئی

20 جولائی ، 2024

پشاور(جنگ نیوز)کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ نور ولی محسود کی خفیہ کال سامنے آگئی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کال میں نور ولی محسود پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے ہدایات دے رہا ہے۔ فون کال میں نور ولی محسود کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ امن و امان کی صورتحال بگاڑنے کے دو طریقے ہیں، پہلا طریقہ یہ ہے کہ سرکاری اسکول یا اسپتال کو دھماکے سے اڑایا جائے،پولیس،فوج،ایف سی کے ایسے لوگوں کے گھروں کوبھی دھماکے سے اڑانا ہے جوبڑے عہدے پر ہوں۔ کالعدم ٹی ٹی پی سربراہ نے کہا کہ پھر ایک دو اسکول یا اسپتالوں کو دھماکے سے اڑا دو لیکن ذمہ داری نہ قبول کی جائے۔ نور ولی محسود کہتا ہے کہ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ پولیس اور فوجیوں کے گھروں کو تباہ کیا جائے۔