پیپلز بس سروس، 3نئے روٹس، ایک میں توسیع ہوگی، شرجیل میمن

20 جولائی ، 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ بہتر بنانے کے لیے پیپلز بس سروس کے 3نئے روٹس شروع کرنے اور ایک روٹ کو توسیع دینے کا اعلان کردیا۔ نئے روٹس پیر 22 جولائی 2024 ءسے فعال ہو جائیں گے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق 22 جولائی کو روٹ نمبر 13 کا آغاز کیا جائے گا ، جو ہاکس بے سے ٹاور تک ہوگا۔ بحریہ ٹاؤن سے نمائش چورنگی تک الیکٹرک بس کا نیا روٹ ای وی 4، 24 جولائی سے شروع ہوگا جبکہ روٹ نمبر 8 یوسف گوٹھ تا ٹاور، 25 جولائی کو آغاز ہوگا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے روٹ نمبر 12 کو توسیع دینے کا بھی اعلان کیا گیا اور 23 جولائی سے یہ روٹ کھوکھراپار کے بجائے میمن گوٹھ سے ٹاور تک ہوگا۔ سندھ کے سینئر وزیرو صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ نئے روٹس کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ بڑھانے کے لیے حکومت سندھ کی کوششوں کا حصہ ہیں، انہیں متعارف کرانے کا مقصد شہریوں کے لیے سستی، آسان اور آرامدہ سفری سہولتوں کی فراہمی ہے۔