پاک چین دوستی

اداریہ
20 جولائی ، 2024
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان اور چین کے گہرے اور پرتپاک تعلقات کے حوالے سے درست نشان دہی کی ہے کہ دونوں دوست ممالک نے ہمیشہ باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کی حمایت میں غیر متزلزل یقین کے ساتھ اسٹرٹیجک ماحول کےاتار چڑھاؤ کا مقابلہ کیا ہے۔ وہ جی ایچ کیو راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی97ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے اس موقع پر جہاں پی ایل اے سالگرہ تقریب کی میزبانی پرآرمی چیف کا شکریہ ادا کیا وہاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے نمایاں ترین کردار کی تعریف کی ۔ چینی سفیر نے واضح لفظوں میں اعتراف کیا کہ پاک فوج نے اپنے ملک اور خطے کے امن واستحکام کیلئےبڑی قربانیاں دی ہیں۔ ان کا یہ بیان ،کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ہم اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں،جہاں پاکستانیوں کیلئے حوصلہ افزا ہے وہاں عالمی برادری کیلئے بھی پیغام ہے اس بات کا کہ دہشت گردی کے سدباب کی کاوشوں کو زیادہ مربوط بنایا جانا چاہئے۔ اس باب میں خطے کے ملکوں نے اگرچہ کئی فورم بنا بھی رکھے ہیں تاہم معلومات کے تبادلے سمیت دہشت گردی سے نمٹنے کے دیگر طریقوں پر تعاون زیادہ بڑھانے کی ضرورت ہے۔جہاں تک چین اور پاکستان کا تعلق ہے ان کا تعاون متعدد شعبوں میں جاری ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری اس کی ایک مثال ہے جوبیجنگ اور اسلام آباد کیلئے ہی نہیں پورے خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوسکتی ہے۔ پاک چین تعاون یقیناً غربت کے خاتمے کی تدابیر سمیت کئی اور شعبوں میں بھی کارآمد ہوگا۔توقع کی جانی چاہئے کہ دونوں ملکوں کے درمیان جن منصوبوں پر تعاون جاری ہے وہ مقررہ وقت میںپایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گے اور دونوں ممالک اور خطے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998