سٹاک مارکیٹ میں شدید مندا،ملکی غیر یقینی صورتحال اثر انداز

20 جولائی ، 2024

لاہور(سودی)رواں کاروباری ہفتے کے آخری دن جمعہ کو سٹاک مارکٹ میں کاروبار کا اختتام شدید مندے پر ہوا آخر میں تین سو سے زائد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی تھی جبکہ انڈیکس اور مجموعی مالیت بھی غیر معمولی طور پر کم ہو گئی۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا جو کچھ ہی دیر برقرار رہی جس کے بعد شروع ہونے والے پریشر میں آخر تک شدت آتی رہی اس دوران انڈ یکس میں 100 پوائنٹ کا اضافہ بھی ہوا اور 2027پوائنٹ کی کمی بھی، مارکیٹ میں اس قدر پریشرتھا کہ 50کے قریب کمپنیوں کو فلور لاک بھی لگے جبکہ بعض نجی سرمایہ کار پینک سیل بھی کرتے رہے جس سے انہیں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سب سے زیادہ سیل انشورنس سیکٹر کی طرف سے آئی۔ مارکیٹ میں مندے کا باعث بننے والے عناصر میں ملک میں حکومت سےمتعلق غیر یقینی صورتحال پیدا ہونا اور اس سے متعلق حکومت اور اپوزیشن کے خطرناک بیانات آنا، تبدیلیوں کا عندیہ دینا اور آئندہ تین ماہ کو مشکل قرار دینا تھی جبکہ مہنگی بجلی کے باعث صنعتی اداروں کا بند ہونا، پیداواری لاگت میں اضافہ بھی وجہ تھے کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ انڈیکس 1722پوائنٹ کم ہو کر 80118پر آ گیا 91 کمپنیوں میں اضافہ، 305میں کمی، 50میں استحکام رہا 47کروڑ 90لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔