بڑی عمر کے خوش نصیب فن کار جن پر کم عمر اداکارائیں فدا ہوئیں!!

20 جولائی ، 2024

کراچی(رپورٹ/اختر علی اختر)دِل بھی کیا چیز ہے، دِل کے آگے سب مجبور ہوجاتے ہیں۔ شوبزنس کی چمکتی دمکتی دُنیا میں عام طور پر یہ دیکھا گیا ہے کہ لاکھوں دِلوں پر راج کرنے والی اداکارائیں کبھی خود سے عمر میں چھوٹے فنکاروں سے بیاہ رچالیتی ہیں اور کبھی عمر میں بہت بڑے فنکاروں کو جیون ساتھی بنانے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتیں۔ آج ہم اُن خوش نصیب بڑی عمر کی فنکاروں کی بات کریں گے، جن پر کم عمر کی خُوبصورت اداکارائیں فِدا ہوئیں اور پھر ان کے ساتھ بیاہ رچالیا۔ سب سے پہلے برِصغیر کے صفِ اول کے اداکار دلیپ کمار اور پری چہرہ سائرہ بانو کی بات کریں گے، 22برس کی خوبصورت اداکارہ سائرہ، 44برس کے منجھے ہوئے اداکار دلیپ کمار کو دِل دے بیٹھی اور بات شادی پر ختم ہوئی۔ سائرہ بانو نے شادی کے بعد فلموں میں کام کرنا چھوڑدیا تھا اور ساری زندگی دلیپ کمار کی خدمت میں گزاری۔ آج بھی بالی ود میں ان دونوں فنکاروں کے سچے عشق کی سب مثال دیتے ہیں۔ سائرہ اپنے شریک حیات کو ’’صاحب‘‘ کہہ کر مخاطب کرتی تھیں۔ دلیپ کمار کے انتقال کے بعد بھی سائرہ کی زندگی کا مقصد ’’صاحب‘‘ ہی ہیں، وہ اُن کی یادیں تازہ کرنے کے لیے مختلف پروگرامز ترتیب دیتی رہتی ہیں۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ فنکار ضیاء محی الدین اور درامون کی اداکارہ عذرا محی الدین کی شادی کے موقع پردونوں کی عمروں میں 39برس کا فرق تھا، یعنی عذرا خود سے 39برس بڑے فنکار کو دل دے بیٹھی تھیں۔ 1994ء میں عذرا کی شادی ضیاء محی الدین سے ہوئی، جو پہلے سے شادی شدہ تھے۔ پاکستانی فلموں کے نامور ہدایتکار سید نور پر فلمون کی ہیروئین صائمہ اُس وقت فِدا ہوئیں، جب وہ رخسانہ نور کے شوہر تھے۔ صائمہ نے شادی کرتے وقت نہ یہ دیکھا کہ سید نور ان سے عمر میں 16سال بڑے ہیں اور شادی شدہ ہیں۔اب یہ دونوں شخصیات ہنسی خوشی خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔ ڈراموں کی صفِ اول کی اداکارہ اقراء عزیز کو جیو کے سپرہٹ ڈرامے ’’خدا اور محبت‘‘ میں بے حد پسند کیا گیا۔ اقراء عزیز خود سے عمر میں 11سال بڑے یاسر حسین کو دِل دے بیٹھی اور بات شادی پر ختم ہوئی۔ قبل ازیں یاسر نے اقراء کو لکس ایوارڈ کی تقریب میں اداکارہ شبنم اور ندیم کی موجودگی میں پروپوز کیا۔ پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے والے دیگر فنکاروں میں فلک شبیراپنی شریک حیات سارہ خان سے 6سال بڑے، جبکہ انعم احمد اپنے شوہر گوہر ممتاز سے 9سال چھوٹی ہیں۔ اسی طرح آغا علی شادی کے موقع پر حںا الطاف سے 7سال بڑے تھے، حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور کے درمیان عمروں میں 10سال کا فرق ہے۔ شہروز سبزواری، اداکارہ صدف کنول سے عمر میں 8سال بڑے اور ڈراموں کی سپراسٹار عائزہ خان اپنے جیون ساتھی ڈراموں اور فلموں کے ہیرو دانش تیمور سے 8سال چھوٹی ہیں۔