اداروں کی لڑائی میں پورا ملک تکلیف اٹھائے گا،تجزیہ کار

20 جولائی ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان کے سوال مخصوص نشستوں کے فیصلے پرن لیگ کا سخت ترین ردعمل،اپوزیشن کا فائدہ ہوگا یا نقصان؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کار بینظیر شاہ نے کہا کہ خواجہ آصف کا آئینی بریک ڈاؤن کے خطرے کا بیان بہت سنجیدہ ہے اسے نظرانداز نہیں کرنا چاہئے،عمر چیمہ کا کہنا تھا کہ اداروں کی اس لڑائی میں پورا ملک تکلیف اٹھائے گا،خواجہ آصف آئینی بریک ڈاؤن کی باتیں کر کے عدلیہ کو ڈرانے کی کوشش کررہے ہیں،ارشاد بھٹی نے کہا کہ اسحاق ڈار اور عطاء تارڑ کی باتوں سے لگ رہا ہے سب کچھ منصوبہ بندی سے ہورہا ہے، اعزاز سید کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے اطلاع دیدی ہے کہ ماورائے آئین کام ہونے جارہا ہے آ پ نے جو بندوبست کرنا ہے کرلیں۔بینظیر شاہ نے کہا کہ مریم نواز اور خواجہ آصف سارا الزام عدلیہ پر ڈال رہے ہیں، حکومت شاید آنے والے دنوں میں پی ٹی آئی کے حق میں عدلیہ کے فیصلے ماننے سے انکار کردے جس کے نتیجے میں آئینی بریک ڈاؤن ہوسکتا ہے، پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ ملیں اس کیلئے حکومت ہر حد تک جائے گی، حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا تو آئینی بحران پیدا ہوجائے گا، حکومت کے پاس آپشن ختم ہوگئے تو پی ٹی آئی پر پابندی لگادے گی، مریم نواز کے بے بنیاد الزامات کی وجہ سے اگلے چیف جسٹس کے ساتھ تصادم کا ماحول پیدا ہوگا۔عمر چیمہ کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف آئینی بریک ڈاؤن کی باتیں کر کے عدلیہ کو ڈرانے کی کوشش کررہے ہیں، مخصوص نشستوں کیس کے بعد آٹھ فروری کا کیس آنے کی بھی توقع ہے، حکومت کو لگتا ہے مزاحمت نہیں کی تو تین سے چھ ماہ میں فوت ہوجائے گی، اس معاملہ میں حکومت اکیلی نہیں اسٹیبلشمنٹ ان کے ساتھ ہے، اس وقت تمام ادارے تصادم کی حالت میں ہے جو بہت خطرناک بات ہے، اداروں کی اس لڑائی میں پورا ملک تکلیف اٹھائے گا، عمران خان نے الیکشن کمیشن سمیت سب کو گالیاں دے کر اپنے خلاف کرلیا ہے، انٹراپارٹی الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا فیصلہ درست تھا۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے پر سخت ترین ردعمل سے ملک کے ساتھ سب کو نقصان ہوگا، مریم نواز، خواجہ آصف، اسحاق ڈار اور عطاء تارڑ کی باتوں سے لگ رہا ہے سب کچھ منصوبہ بندی سے ہورہا ہے، امریکا اور یورپ انتخابات کی تحقیقات کروانے کا کہہ رہے ہیں جبکہ حکومت کی گورننس بہتر نہیں ہوپارہی ہے نواز شریف کی لانچنگ بھی ناکام ہوگئی ہے، مخصوص نشستوں کے کیس میں پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دینے والے آٹھ ججوں میں سے پانچ اگلے چیف جسٹس ہیں۔ اعزاز سید کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کے حالیہ بیانات کے بعد عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مخاصمت میں حکومت بھی شامل ہوگئی ہے، مریم نواز اسٹیبلشمنٹ کی بی ٹیم کے طور پر سامنے آئی ہیں، مریم نواز کی طرف سے ایسابیان آنا افسوسناک ہے کیونکہ ان کا سیاسی مستقبل ہے، خاموش بلاول اس وقت بولتی ہوئی مریم نواز سے زیادہ بہتر لگ رہا ہے، مریم نواز آج جن کیلئے بول رہی ہے ان کے ساتھ ان کی پھر کٹی ہوجائے گی، ن لیگ اسٹیبلشمنٹ کاساتھ دے رہی ہے کیونکہ انہوں نے بھی انہیں تحفہ دیا ہوا ہے، ن لیگ مخصوص نشستوں کیس میں فیصلے پر قانونی راستہ اپنائے۔