افغانستان کی مارکیٹ میں آتشزدگی پاکستانی فائر بریگیڈ آگ بجھانے پہنچ گئی

20 جولائی ، 2024

کراچی(نیوزڈیسک)پاک افغان سرحدی علاقے میں واقع افغان مارکیٹ میں ہونے والی آتشزدگی میں چمن سے پاکستانی فائر بریگیڈ نے بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔افغان میڈیا کے مطابق آگ بیٹریوں کی دکانوں میں لگی۔ جس نے اسپیئر پارٹس کے 15 سے زائد دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے شعلے آسمان سے بات کرنے لگے تھے۔خوفناک آگ بھڑکنے پر قندھار سے ریسکیو ٹیم پہنچی لیکن ناکافی ہونے پر افغان حکام نے بارڈر پر تعینات فرنٹیئر کور کے حکام کے ذریعے چمن کے ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کیا اور مدد مانگی۔جس پر پاکستان کے علاقے چمن سے فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور آگ بجھانے میں مصروف ہوگئیں۔ آگ پر قابو پالیا گیا تاہم کروڑوں مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ افغان حکام نے اس برادرانہ مدد پر ایف سی اور چمن کے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔