لاپتہ شہری کی3 دن میں عدم بازیابی پر IGکیخلاف مقدمہ درج کا حکم دونگا،جسٹس محسن کیانی

20 جولائی ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی نے پولیس کو تھانہ سنگجانی کی حدود سے لاپتہ شہری سمیع اللہ کو تین روز میں بازیاب کرانے کی مہلت دیتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ عدم بازیابی کی صورت میں آئی جی کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دوں گا۔ جمعہ کو سماعت کے موقع پر وکیل نے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں سے کچھ نہیں ملا مگر جس گاڑی میں اغوا کیا گیا اس کی فوٹیج ہیں، سنگجانی ٹول پلازے پر بندے کو اٹھایا گیا اور وہی گاڑی ریڈ زون میں ججز سیکٹر میں دیکھی گئی، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ جس گاڑی کا بتایا جارہا ہے وہ اسلام آباد میں نہیں ہے، جسٹس کیانی نے ریمارکس دئیے آپ کے پاس گاڑی نہیں ہو گی تو کسی اور ایجنسی کے پاس ہو گی ، ہم یہ تو نہیں کہہ سکتے کہ افغانستان سے گاڑی آئی اور بندے کو اٹھایا گیا ، اگر بندہ کسی مقدمے میں ملوث ہے تو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے ، ان لوگوں کو بتادیں کہ اس طرح نہیں چلے گا ، 11 دنوں میں ابھی تک کچھ نہیں ہوا تو آگے بھی نہیں ہو گا ،جو اپنا کام نہیں کرسکتے وہ اپنے گھر جائیں۔