کیا کسی قیدی کیساتھ سیاسی معاملات پر مشاورت ہو سکتی ہے؟

20 جولائی ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے مخصوص نشستوں سے متعلق اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کیلئے ملاقات کی درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے انہیں سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت جا ری کر دی ۔ جمعہ کو اسد قیصر اور لال چند ملہی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے دائر درخواستوں پر عائد اعتراضات کی سماعت کے دوران درخواست گزاروں کی جانب سے عتیق الرحمن ، طلعت رضوان و دیگر وکلاپیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے سیاسی رہنماوں کو ملاقات کی اجازت دی ہے۔ جسٹس محسن اخترکیانی نے استفسار کیاکہ کیا الیکشن ایکٹ کے مطابق کوئی سزا یافتہ شخص پارٹی عہدہ رکھ سکتا ہے؟ کیا کسی قیدی کیساتھ سیاسی معاملات پر مشاورت ہو سکتی ہے؟ اس وقت پارٹی کا چیئرمین کون ہے؟ کیا وہ جیل میں ہیں؟ ، آپ کے چیئرمین جیل میں نہیں ہیں تو پھر ایک قیدی سے کیوں ملنا ہے؟ ، قیدی قیدی ہوتا ہے ، بحیثیت اقلیتی ونگ صدر درخواست گزار کی ٹکٹوں کی تقسیم بارے ملاقات ضروری ہے ۔ بعد ازاں عدالت نے اعتراضات دور کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو درخواستیں باقاعدہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔