گلبرگ ، مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق

20 جولائی ، 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) گلبرگ کے علاقے میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا،رواں برس جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد 4 ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق گلبرگ تھانے کی حدود شاہراہ پاکستان واٹر پمپ فلائی اوور پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہو گیا ،اسے نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑ گیا۔جاں بحق اہلکار کی شناخت 26 سالہ کانسٹیبل محمد یوسف ولد محمد حنیف کے نام سے ہوئی۔ملزمان اہلکار کی سرکاری ایس ایم جی بھی چھین کر فرار ہوئے۔جاں بحق اہلکار یوسف منگھو پیر کا رہائشی تھا اور اس کے والد بھی پولیس اہلکار ہیں جو ضلع ویسٹ میں تعینات ہیں۔ یوسف کے والد محمد حنیف نے بتایا کہ مجھے صبح ساڑھے ساتھ بجے فون آیا کہ آپ یوسف کے کون ہیں،میں نے بتایا میں اسکا والد ہوں تو مجھے کہا گیا کہ اسپتال پہنچیں،اسپتال آیا تو یوسف انتقال کر چکا تھا۔انہوں نے بتایا کہ یوسف 2021 میں پولیس میں بھرتی ہوا تھا۔وہ 4 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور گھر کا کفیل تھا۔