کے پی اسمبلی میں آپریشن عزم استحکام کیخلاف قرارداد منظور

20 جولائی ، 2024

پشاور(نمائندہ جنگ)خیبرپختونخوا اسمبلی نے تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریک انصاف پر ممکنہ پابندی ، آپریشن عزم استحکام، سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججزکی تعیناتی اورالیکشن کمیشن کےخلاف قراردادوں کی منظوری دیتے ہوئے خبر دار کیا ہے کہ اگر صوبائی حکومت کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی آپریشن کیا گیا تو تمام نقصانات کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوگی،، آپریشن مسائل کا حل نہیں ۔خیبر پختون خوا اسمبلی کا اجلاس جمعہ کے روز سپیکر بابر سلیم سواتی کی صدارت میں ہوا، اجلاس کے دوران وزیر قانون آفتاب عالم نے حکومت کی جانب سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کی رہائی سے متعلق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی انسانی حقوق کمیٹی نے ایک رپورٹ پیش کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھیوں کے کیسز قوانین کی خلاف ورزی ہیں، قرارداد میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی مطالبہ کرتی ہے کہ اقوام متحدہ رپورٹ کے تناظر میں بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے۔بعد ازاں صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے تحریک انصاف پر ممکنہ پابندی سے متعلق قرار داد پیش کی جس میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے نے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے اور پی ٹی آئی کو بہ لحاظ حجم مخصوص نشستیں دی جائیں۔قرارداد میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود وفاقی کابینہ پی ٹی آئی پر پابندی کابیانیہ بنارہی ہے، پی ٹی آئی پرپابندی لگائی جاتی ہے تو یہ آئین کے آرٹیکل 17کی خلاف ورزی ہوگی، تحریک انصاف آئین کے ساتھ کھڑی ہے،پابندی لگنے کی صورت میں عدالتی اورعوامی سطح پرفیصلے کےخلاف جائے گی۔بعد ازاں صوبائی اسمبلی میں تحریک انصاف پرپابندی سے متعلق قرارداد منظور کی گئی، وزیرقانون نے الیکشن کمیشن سے متعلق قراردادپیش کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا ہے اور اپنااعتماد کھوچکاہے ،انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے نگران حکومت نے اپنی مدت سے زیادہ وقت گزارا جوکہ آئین کی خلاف وزی تھی، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے خلاف لیول پلنگ فیلڈنہ دینے والے نگرانوں کو سپورٹ کیا لہذاالیکشن کمشنر استعفیٰ دیں ، وزیرقانون نے سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججزکی تعیناتی کی مخالفت سے متعلق بھی قراردادپیش کی ، آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے قراردادپیش کرتے ہوئے وزیر قانون آفتاب عالم نے کہاکہ یہ ایوان اس عزم کااعادہ کرتی ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے صوبہ کے مختلف اضلاع میں عزم استحکام آپریشن کی افواہیں اوراسکوعملی جامہ پہنانے سے قبل جس طرح راہ ہموار کی جارہی ہے، اس کو قوم مستردکرتی ہے، کوئی بھی فیصلہ لینے سے قبل صوبائی حکومت اور اس کے منتخب ایوان کو ااعتماد میں لیاجائے بصورت دیگراسکا شدید نقصان ہوگا جس کی تمام ترذمہ داری وفاقی حکومت پر ہوگی۔