ابوظہبی پورٹس کیساتھ معاہدے کے نفاذ میں ہر قسم کی معاونت فراہم کرینگے ، وزیراعظم

20 جولائی ، 2024

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ابوظہبی پورٹس کیساتھ معاہدے کے نفاذ میں ہر قسم کی معاونت فراہم کرکے اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز ابوظہبی پورٹس پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خرم عزیز خان سے گفتگو کے دوران کہی جنہوں نے وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ابوظہبی پورٹس پاکستان کراچی بندرگاہ میں آئندہ دس برس کے دوران 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، 130 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے تعمیر ہونے والا جدید اور تمام ضروری سہولیات سے لیس کثیر المقاصد ٹرمینل آئندہ دو برس میں مکمل ہو جائے گا۔ وفد نے وزیراعظم کو کراچی بندرگاہ پر کنٹینر ٹرمینل کی سہولیات میں بہتری کیلئے کمپنی کی سرمایہ کاری پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کنٹینر ٹرمینل کے منصوبے میں ایکسس کنٹرول، خودکار گیٹس، برتھ میں مزید 200 میٹر کی توسیع، کرین ریل ٹریک اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر شامل ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید مشینری سے بندرگاہ پر سامان و کنٹینرز کے نظام کو بہتر کرکے کلیئرنس کیلئے درکار وقت کو کم سے کم کیا جائے۔ ادھر وزیراعظم سے ہواوے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایتھن سن کی قیادت میں چار رکنی وفد نے ملاقات کی ، اس دوران وزیراعظم نے کہا کہ ہواوے کی مدد سے سالانہ تین لاکھ پاکستانی طلباء و طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پیشہ وارانہ تربیت سے ملک کی آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی، حکومت نہ صرف خواتین بلکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر اس تربیتی پروگرام کا حصہ بنائے گی۔ وفد نے وزیراعظم کو پاکستان اور ہواوے کے مابین ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے لئے تعاون کے معاہدے کے تحت جاری منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔