آئین کی پاسداری عدلیہ اور فوج دونوں کو کرنی ہے ،تجزیہ کار

20 جولائی ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار عاصمہ شیرازی نے کہا ہےکہ میرا خیال ہے کہ حکومت پینک نہیں کررہی بلکہ باقاعدہ سوچی سمجھی اسکیم کے تحت resistance mode میں آرہی ہے، یہ بہت سوچی سمجھی اسکیم ہے اس میں نہ شہباز شریف آگے آئے ہیں نہ فی الحال میاں نواز شریف آگے آئے ہیں، لگتا ہے کہ مریم نواز کو سامنے کیا گیا ہے یا وہ خود سامنے آئی ہیں اور اب وہ عدلیہ مخالف بیانیہ لے کرآگے چلیں گی، عدلیہ کو بھی اس آئین کی اسی طرح سے پاسداری کرنی ہے جس طرح سے پاکستان کی فوج کو کرنی ہے ، سینئر تجزیہ کارسہیل وڑائچ نے کہاکہ سپریم کورٹ چونکہ سب سے سپریم باڈی ہے اس کا جب فیصلہ آجاتا ہے تو پھر چوں چرا کی گنجائش نہیں ہوتی، مجھے تو کوئی سانحہ ہوتا نظر آرہا ہے، وہ سانحہ کیا ہوگا کس شکل میں ہوگا یہ تو مجھے نہیں اندازہ، لیکن جب لڑائی ہوتی ہے تو یہ پتا نہیں ہوتا کہ میرا مکا اس کی آنکھ میں لگے گا یا اس کے دل پر جاکر لگے گا، یا اس کا مکا مجھے کہاں لگے گا، سینئر تجزیہ کارعمر چیمہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اتنا فری ایجنٹ نہیں کہ وہ آئینی پوزیشن سنبھالنے کے بعد ان پر پریشر نہیں آیا، بنیادی طور پر یہ سارا ایک ارینجمنٹ ہے جس کے تحت انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کیا اور وہ چیزیں ان کو مل گئیں، گورننس وہ کرنہیں رہے لیکن یقیناً وہ برابر کے اسٹیک ہولڈر ہیں۔