کے پی اسمبلی میں آپریشن عزم استحکام کیخلاف قراردا د منظور

20 جولائی ، 2024

پشاور(نمائندہ جنگ)خیبرپختونخوا اسمبلی نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریک انصاف پر ممکنہ پابندی ،آپریشن عزم استحکام، سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججزکی تعیناتی اورالیکشن کمیشن کیخلاف قراردادوں کی منظوری دیتے ہوئے خبر دار کیا ہے کہ اگر صوبائی حکومت کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی آپریشن کیا گیا تو نقصانات کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوگی، آپریشن مسائل کا حل نہیں ، اسمبلی کا اجلاس سپیکر بابر سلیم سواتی کی صدارت میں ہوا، وزیر قانون آفتاب عالم نے حکومت کی جانب سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا جنرل اسمبلی کی انسانی حقوق کمیٹی نےرپورٹ پیش کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور انکے ساتھیوں کے کیسز قوانین کی خلاف ورزی ہیں،اسمبلی مطالبہ کرتی ہے کہ رپورٹ کے تناظر میں بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے،بعد ازاں وزیر قانون نے تحریک انصاف پر ممکنہ پابندی سے متعلق قرار داد پیش کی جس میں کہا گیا سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے نے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی بڑی جماعت ہے سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود وفاقی کابینہ پی ٹی آئی پر پابندی کابیانیہ بنارہی ہے پی ٹی آئی پرپابندی آئین کے آرٹیکل 17کی خلاف ورزی ہوگی، وزیرقانون نے الیکشن کمیشن سے متعلق قراردادپیش کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا ہے اور اعتماد کھوچکاہے لہٰذاالیکشن کمشنر استعفیٰ دیں ، وزیرقانون نے سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججزکی تعیناتی کی مخالفت سے متعلق بھی قراردادپیش کی ، آپریشن عزم استحکام بارے قراردادپیش کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا فاقی حکومت کی طرف سے صوبہ کے مختلف اضلاع میں عزم استحکام آپریشن کوعملی جامہ پہنانے سے قبل جس طرح راہ ہموار کی جارہی ہے اسکو قوم مستردکرتی ہے کوئی بھی فیصلہ لینے سے قبل صوبائی حکومت اور منتخب ایوان کو ااعتماد میں لیاجائے ، فضل الہی نے قراردادمیں کہا خیبرپختونخواپن بجلی پیداوارمیں خودکفیل ہے جس کی پیداواری لاگت دوسے تین روپے فی یونٹ پڑتی ہے جبکہ یہی بجلی واپڈاکی جانب سے 70اور80روپے فی یونٹ کے حساب سے فروخت کی جارہی ہے حکومت وفاقی حکومت سے سفارش کرے کہ صوبہ کے غریب عوام کوبجلی دس سے پندرہ روپے فی یونٹ کے حساب سے فراہم کرے اورصوبے کے مختلف ڈیموں سے حاصل ہونیوالی اضافی بجلی دوسرے صوبوں کوفراہم کی جائے ،ن لیگ رکن ثوبیہ شاہدنے اپنی قراردادمیں مطالبہ کیاکہ سول سیکرٹریٹ میں طلبہ کی آسانی کیلئے سہولت ڈیسک قائم کیاجائے، شاہ ابوتراب خان نے قراردادپیش کرتے ہوئے کہاکہ زکوٰة وعشرکے کنٹریکٹ و ڈیلی ویجز ملازمین گزشتہ تیرہ ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں حکومت کنٹریکٹ وڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں سمیت انکی مستقلی کویقینی بنایا جائے۔