عدت نکاح کیس ، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی بریت کاعدالتی فیصلہ چیلنج

20 جولائی ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) خاور مانیکا نے دوران عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ درخواست میں بریت کا فیصلہ خلاف قانون قرار دے کر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا بحال کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ زاہد آصف چوہدری ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر اپیل میں ریاست ، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ ایپلٹ کورٹ نے کیس کے اہم پہلووں کو نظر انداز کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کی سزا کالعدم قرار دی۔ ایپلٹ کورٹ نے استغاثہ کے گواہان کے بیانات کو بھی ملحوظ خاطر نہیں رکھا۔ دونوں ملزمان کی بریت کا فیصلہ قانونی طور پر قائم نہیں رہ سکتا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج کا سزا کیخلاف اپیلیں منظور کرنے کا 13 جولائی کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر ٹرائل کورٹ کا 3 فروری کا فیصلہ بحال کیا جائے۔