برطانیہ میں مکانات کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے ماہ اضافہ

20 جولائی ، 2024

لندن (نمائندہ جنگ) برطانیہ میں مکانات کی قیمتوں میں مئی تک مسلسل تیسرے ماہ اضافہ ہوا ہے، جبکہ مئی میں ختم ہونے والے سال میں مجموعی طور پر 2.2 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس وقت ملک بھر میں مکان کی اوسط قیمت 285,000 پائونڈ تک پہنچ گئی ہے۔ مئی میں انگلینڈ میں ایک عام بھر کی اوسط قیمت 302,000 پائونڈ تھی جو کہ گزشتہ برس کی نسبت 6 ہزار پائونڈ زائد تھی۔ یارکشائر اینڈ ہمبر میں مکانات کی قیمتوں میں سب سے زائد یعنی مئی میں ختم ہونے والے برس میں 3.9 فیصد اضافہ ہوا ۔ لندن میں سالانہ اضافہ سب سے کم 0.2 فیصد تھی، ویلز میں اوسط گھر کی قیمت 216,000 پائونڈ ، اسکاٹ لینڈ میں 191,000 پائونڈ اور ناردرن آئرلینڈ میں 178,000 پائونڈ ہے۔ جبکہ اوسط مکان کے کرائے میں جون میں ختم ہونے والےسال میں 8.6 فیصد اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ برس یہ اضافہ 8.7 فیصد تھا، جون میں اوسط کرایہ 1,271 ماہانہ تھا جبکہ گزشتہ برس یہ 101 پائونڈ تھی۔ بدھ کو مہنگائی کی شرح کے اعدادوشمار بھی جاری کئے گئے ہیں جوکہ جون میں بھی 2 فیصد رہی۔ جس کا مطلب ہے کہ ان اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کی رفتار کم ہو گئی ہے اور معاشی ماہرین کا خیال ہے کہ اب شرح میں کمی کا امکان بڑھ گیا اور اس میں کمی سےگھر خریدنے والوں کو اعتمادملے گا۔