پاکستانی لانگ رینج شوٹر محسن نواز کی ڈاکٹرمحمد فیصل سے ملاقات

20 جولائی ، 2024

لندن( پ ر) پاکستانی لانگ رینج شوٹر محسن نواز نے پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹرمحمد فیصل سے ملاقات کی ۔ہائی کمشنر کی جانب سے ان کو خصوصی ٹرافی پیش کی گئی۔ اس موقع پر تھرک کونسل کے شیڈو کیبنٹ ممبر فار کمیونٹی پارٹنرشپ کونسلر قیصر عباس گوندل بھی موجود تھے۔ ایف کلاس امپیریل چیمپئن شپ برطانیہ میں سلور کا تمغہ حاصل کرنے والے محسن نواز پہلے پاکستانی ہیں جن کو برطانیہ نے نیشنل رائفل ایسوسی ایشن کی تاحیات ممبر شپ دی ہے۔ امپیریل چیمپئن شپ میں مختلف ممالک کے لانگ رینج شوٹر شامل تھے۔ اس موقع پر برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے محسن نواز کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ محسن نواز نے پاکستان کا نام روشن کیا اور مجھے ان سے مل کر دلی خوشی ہوئی ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے۔ حکومت پاکستان اور ہائی کمشنر کی طرف سے حوصلہ افزائی میرے لئے اعزاز ہے۔ اس موقع پر کونسلر قیصر عباس کا کہنا تھا کہ محسن نواز نے کھیل کے میدان میں جو کارکردگی دکھائی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ یورپین چیمپئن شپ کی جیت کیلئے میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔