سیدنا امام حسینؓ نے اسلام کی شمع کو روشن کیا ، مولاناسجاد برکاتی

20 جولائی ، 2024

دی ہیگ ( راجہ فاروق حیدر) نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ نے کربلا میں عظیم قربانی دے کر اسلام کی شمع کو روشن کیا ۔ان خیالات کا اظہار جامع مسجد فرید الاسلام ایمسٹرڈیم نیو ویسٹ میں ذکر امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کے عنوان سے محفل میں خطاب کرتے ہوئے مفکر اسلام حضرت مولانا حافظ سجاد برکاتی امام و خطیب نے کیا۔محفل پاک کا آغاز تلاوت قران پاک سے حضرت مولانا رفیق روشن علی سینئر امام جامعہ مسجد فرید الاسلام نے کیا۔ ذکر شریف، درود شریف کے بعد گلہائے عقیدت بحضور رسول مقبولﷺ حافظ مصطفی رضا ،استاد عدنان قاری ،حاجی عبدالستار قادری،شاہ زیب ،منیب الرحمن قادری،میاں محمد سعید اور دیگر نعت خوانوں نے پیش کئے۔محفل پاک میں اوورسیز پاکستانیوں نے ہالینڈ کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مولانا حافظ سجاد برکاتی نے کہا نواسہ رسول سیدنا امام حسینؓ نے اپنے نانا کے دین کو بچانے کیلئے باطل کے سامنے سر نہیں جھکایا اور ایسی مثال قائم کر دی جس کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا،درود و سلام کے بعد خصوصی دعا کی گئی۔