مخصوص نشستیں، الیکشن کمیشن نے دراصل سپریم کورٹ کے فیصلے کی تردید کی

20 جولائی ، 2024
انصار عباسی
اسلام آباد ......: اگرچہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ خصوصی نشستوں کی الاٹمنٹ سے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر عمل کرے گا لیکن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز دراصل سپریم کورٹ کے فیصلے کی واضح تردید ہے۔ سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت کے دوران اور اپنے فیصلے میں کہہ دیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے 13 جنوری 2024 کے (پی ٹی آئی میں انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے سے متعلق) فیصلے کی غلط تشریح کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مذکورہ امیدواروں کو غلطی سے آزاد امیدوار قرار دیا۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلےپر دو روز تک غور و خوص کے بعد پریس ریلیز جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے کسی فیصلے کی غلط تشریح نہیں کی، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو درست قرار نہیں دیا، جس کیخلاف پی ٹی آئی مختلف فورمز پر گئی اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اپ ہولڈ (برقرار) کیا گیا۔