طارق مسعود اور مظہر عالم سپریم کورٹ کے ایڈہاک جج ہونگے

20 جولائی ، 2024

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل کو ایک سال کے لئے سپریم کورٹ میں بطور ایڈہاک جج مقرر کرنے کی منظوری دیدی ، ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز کمیشن کے چیئرمین وچیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس منعقدہوا جس میں ایک سال کیلئے جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل کے ناموں کی منظوری دی گئی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس منیب اختر نے دونوں امیدواروں کے ناموں کی مخالفت کی جبکہ جسٹس منصورعلی شاہ اور جسٹس یحیٰ آفریدی نے صرف جسٹس مظہر عالم میاں خیل کے نام کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ اس سے قبل یہ عہدہ لینے سے انکار کر چکے ہیں ،ذرائع کایہ بھی کہنا ہے کہ جسٹس(ر)سردار طارق مسعود کے نام پر جسٹس منیب اختر کے علاوہ کمیشن کے باقی تمام ارکان نے اتفاق رائے کیاجبکہ جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل کا نام 3-6 کے تناسب سے منظور کیا گیا۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں 17ججوں کی نشستیں مکمل ہونے کے بعد مقدمات کا لوڈ ختم کرنے کیلئے ایڈہاک جج کے طور مقرر کرنے کے لئے 4 سابق ججوں کے نام تجویز کیے گئے تھے ،جن میں سے جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم، جسٹس ریٹاٹرڈ مقبول باقرنے ایڈہاک جج بننے سے معذرت کرلی تھی ۔