مخصوص نشستوں کا معاملہ سپیکر کے پاس آئیگا تووہ فیصلہ کرینگے،رانا ثناء

20 جولائی ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کا معاملہ جب اسپیکر کے پاس آئے گا تو وہ فیصلہ کریں گے،ن لیگ کبھی دو کشتیوں میں سوار نہیں ہوتی، ن لیگ کا ہر معاملہ پر بہت واضح موقف ہوتا ہے، پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے ہمارے پاس ٹھوس شواہد ہیں،رکن جوڈیشل کمیشن آف پاکستان اختر حسین نے کہا کہ جسٹس طارق مسعود کی بطور ایڈہاک جج تقرری 8-1کی اکثریت سے ہوئی ہے، جسٹس مظہر عالم میاں خیل کے نام پر بھی تمام آٹھ ججز متفق تھے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان آزاد آئینی ادارہ ہے، الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں کیس کے فیصلے میں ابہام سمجھے تو سپریم کورٹ سے رجوع کرسکتا ہے، مخصوص نشستوں کا معاملہ جب اسپیکر کے پاس آئے گا تو وہ فیصلہ کریں گے، امید ہے سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ پندرہ دن کے اندر آجائے گا، جج صاحبان کو یقیناً ادراک ہوگا کہ کوئی فریق فیصلے کیخلاف اپیل کرنا چاہتا ہے تو اسے موقع ملنا چاہئے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ قانونی ٹیم سے مشاورت کریں گے کہ کیا نظرثانی اپیل کیلئے تفصیلی فیصلے کا انتظار کیا جانا چاہئے۔