کشن گنگا، رتلے پراجیکٹس؛ ثالثی عدالت کی میرٹ پر پہلے مرحلے کی سماعت مکمل

20 جولائی ، 2024

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) ثالثی کی مستقل عدالت (سی او اے) نے ایک ثالثی میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے جمہوریہ ہند کے خلاف شروع کی گئی ثالثی میں انڈس واٹر ٹریٹی کے آرٹیکل نائن اور Annexure G کے تحت دی ہیگ میں میرٹ پر پہلے مرحلے کے لیے اپنی سماعت 16 جولائی 2024 مکمل کرلی۔ عدالت پاکستان کی جانب سے 330 میگاواٹ کے کشن گنگا اور 850 میگاواٹ کے رتلے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے حوالے سے اٹھائے گئے کیس کی سماعت کر رہی ہے جو بھارت پاکستان کے دریاؤں جہلم اور چناب پر بنا رہا ہے، لیکن بھارت چاہتا ہے کہ کیس کا فیصلہ غیرجانبدار ماہر کرے۔ پاکستان چاہتا ہے کہ ثالثی کی مستقل عدالت اس کیس کا فیصلہ کرے۔ تاہم، عالمی بینک نے فیصلہ کرنے کے لیے ثالثی اور غیر جانبدار ماہر کی عدالت تشکیل دی تھی۔ پاکستان ثالثی عدالت اور غیر جانبدار ماہر دونوں فورمز میں شرکت کر رہا ہے لیکن بھارت نے ثالثی عدالت کی کارروائی کا بائیکاٹ جاری رکھا ہوا ہے۔